پونچھ//جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس کے ریاستی نائب صدر یوتھ ونگ انجینئر ریدھم سنگھ کی سرپرستی میں سرحدی ضلع پونچھ کے علاقے منگناڑ میں نوجوانوں کی ایک اہم میٹنگ منعقد کی اور عام لوگوں کو درپیش مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔مقامی نوجوانوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی اکثریتی آبادی کو دیگر سیاسی جماعتوں نے آزادی کے بعد سے نظر انداز کیا ہے، زیادہ تر لوگ پینے کے پانی، بجلی کی مناسب سپلائی، معیاری تعلیم کا نظام، سڑک رابطوں اور دیگر بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔ دریں اثنا انجینئر موصوف نے کارکنان سے مزید تاکید کی ہے زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کے لئے محنت کریں۔ ریدھم سنگھ نے کہا کہ پیپلز کانفرنس کا واضح ایجنڈہ اور منشور ہے جس کیلئے انہوں نے تمام کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے ایجنڈے کے بارے میں عام لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کیا جا سکے۔ انجینئر نے مذید کہا ہے کہ سجاد غنی لون کی متحرک قیادت میں پیپلز کانفرنس جموں و کشمیر میں حکومت بنائے گی، جس کے بعد ان دور دراز اور سرحدی علاقوں کے لوگوں کو ان کے بنیادی حقوق، بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر سمت کمار، پرنس کمار، اکشے ورما، پرتپال سنگھ، بلجندر سنگھ، امن کمار، پربجوت سنگھ، انکش کمار اور دیگر نوجوانوں نے شرکت کی۔