سرینگر// سرینگر کے کئی سیاسی اراکین نے پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔پارٹی کے سینئر نائب صدر سینئر عبدالغنی وکیل نے سینئر لیڈر عابد انصاری، شیخ عمران، مدثر کریم، کوآرڈی نیٹر سلمان بخاری،ڈسٹرکٹ نائب صدر سرینگر ابوالحسن ، سلیمان بٹ، عرفان متو اور شبیر میرکی موجودگی میں نئے افراد کا استقبال کیا ۔وکیل نے نئے داخل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو پیپلز کانفرنس زمینی سطح پر مضبوط بنانے اور اسے ایک قابل عمل سیاسی متبادل بنانے کے عزم کے ساتھ شامل ہوتے دیکھنا متاثر کن اور حوصلہ افزا ہے۔یوتھ پیپلز کانفرنس کے صدر شیخ عمران نے کہا کہ عوام میں پیپلز کانفرنس کی مقبولیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جا سکتا ہے کہ نئے اور تجربہ کار لوگ پارٹی میں اس امید کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں کہ وہ جموں و کشمیر کو بدامنی سے پاک جگہ دیکھیں گے۔پارٹی کے ترجمان کے مطابق نئے شامل ہونے والوں نے تبدیلی کیلئے تنظیم کے ویژن اور جموں و کشمیر کو غیر یقینی اور افراتفری کے دلدل سے نکالنے کیلئے عملی اور دور اندیشی کے ساتھ پارٹی کے عزم پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے سجاد لون کی قیادت پر مکمل اعتماد اور یقین کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حقیقی طور پر یقین رکھتے ہیں کہ پیپلز کانفرنس ہی واحد جماعت ہے جو جموں و کشمیر کو موجودہ تعطل سے نکال سکتی ہے۔پارٹی میں شامل ہونے والوں میں کھاگ سے ڈی ڈی سی امیدوار واحد خان، بشیر احمد ملک، غلام احمد ماگرے، سلیم شیخ، غلام محی الدین، شبیر احمد بٹ، پرویز احمد بٹ، مدثراحمد بٹ، جاوید احمد صوفی، عابد حسین میر، ریاض احمد، فیاض احمد ، حسین وانی، ساحل عباس بٹ، مہران احمد پنڈت، عمر علی اور عبدالخالق شامل ہیں۔