سرینگر// مرکز کی طرف سے ایندھن پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بعد جموں و کشمیر حکومت نے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ۔جموں و کشمیر میں صارفین پر براہ راست اثر ڈالنے والے فیصلے میں انتظامیہ نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 7 روپے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے پٹرول 12 روپے اور ڈیزل 17 روپے سستا ہو جائیگا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر دیوالی کے موقعہ پر مرکزی حکومت نے بدھ کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں بالترتیب 5روپے اور 10روپے کمی کرنیکا اعلان کیا اور اسکا اطلاق دیوالی کے موقعہ پر جمعرات سے عمل میں لایا گیا۔وزیر اعظم نے بدھ کو سبھی ریاستوں اور دیگر علاقوں کی حکومتوں سے کہا تھا کہ وہ بھی پیٹرول اور ڈیزل پر عائد کئے جارہے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کریں۔وزیر اعظم کی اپیل پرجموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر، منوج سنہا نے جمعرات کو ٹویٹ کیا’’معزز وزیر اعظم نریندر مودی جی نے پیٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کا اعلان کرکے دیوالی کا عظیم تحفہ دیا ہے۔ مزید برآں، جموں و کشمیر کی انتظامیہ نے پیٹرول اور ڈیزل پر اضافی 7 روپے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس طرح آج سے مرکزی زیر انتظام جموں کشمیرمیں پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 17 روپے فی لیٹر کی کمی کی جائے گی۔‘‘