بانہال // گذشتہ منگل کو جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک ایک پیٹرول ٹینکر کے الٹ جانے اور اس سے ہورہے پیٹرول کے رساو کے بعد شاہراہ پر خوف وہراس پھیل گیا۔ پولیس نے نزدیک بستی کو خالی کردیا اور شاہراہ پر گاڑیوں کی امدورفت کم از کم تین گنٹھوں تک معطل رہی۔ حادثے کے فورا بعد نزدیکی ٹریفک پولیس اور پولیس سٹیشن بانہال کے پولیس اہلکار فائرسروس کے عملہ کے ساتھ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے سب سے پہلے ٹریفک کی دوطرفہ نقل وحرکت کو جائے حادثہ سے کچھ فاصلے کی دوری سے روک دیا گیا اور پولیس نے نزدیکی گاوں تْلباغ کی بستی کو فوری طور خالی کردیا گیا اور لوگوں کو چوکنا رہنے کی اپیل کی گئی۔انچارج ایس ایچ او بانہال سب انسپکٹر شمیم احمد سومبڑیا نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموں سے وادی کشمیر کی طرف سے پیٹرول ٹینکر بانہال سے دو کلومیٹر پہلے تْلباغ کے نزدیک شاہراہ پر ہی الٹ گیا اور پٹرول ٹینکر سے پیٹرول کے رساو کی وجہ سے آگ لگنے کے خدشات کو مدنظر رکھکر دو طرفہ ٹریفک کو روک دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پٹرول ٹینکر سے پیٹرول کے مسلسل رساو پر قابو پانے کیلئے کمپنی سے رابطہ کیا گیا اور فائر سروس کو موقع پر تیا بہ تیار حالت میں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے میں پیٹرول ٹینکر کا ایک چیمبر جس میں چا ہزار لیٹر پیٹرول تھا تباہ ہوا ہے اور اسی سے پیٹرول لیک ہورہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں ایک کرین کی مدد سے پیٹرول ٹینکر کو وہاں سے ہٹا کر ایک محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور شام ساڑھے آٹھ بجے شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک کو بحال کیا گیا۔