کنگن// تحصیل گنڈ کی نیو کالونی ، بلتی محلہ مڈ پورہ رایل اور کلن میں پینے کے پانی کی قلت کے پیش نظر لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بلتی محلہ مڈ پورہ رایل کے لوگوں نے بتایا کہ ان کی بستی میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اورلوگ ندی نالوں کا ناصاف پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ ملازم ڈیوٹی بخوبی انجام دیتے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ مقامی بستی میں پینے کے پانی کی سپلائی کیلئے جو پائپ بچھائی گئی ہے اس سے بار بار پانی کی سپلائی میں خلل پڑتا ہے۔ نیو کالونی گنڈ کے لوگوں نے بتایا کہ بستی میں گذشتہ ایک ہفتے سے پینے کے پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ندی نالوں کا پانی استعمال کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ صبح اور شام کے اوقات میں پانی کی سپلائی کو بحال کیا جاتا ہے تو اس میں گندگی ہوتی ہے جس سے بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلٹریشن پلانٹ میں نہ تو دوائی ڈالی جاتی ہے اور نہ اس کی صفائی کی جاتی ہے اور جب ملازمین سے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کے لئے کہا جاتا ہے تو وہ لیت و لعل کرتے ہیں۔ ادھر کلن گنڈ کے لوگوں نے بتایا کہ اگرچہ جل شکتی محکمہ نے بابا پورہ کلن میں کروڑوں روپے خرچ کرکے ایک فلٹریشن پلانٹ تعمیر کیا گیا لیکن نہ تو فلٹریشن پلانٹ کو شروع کیا جاتا ہے اور نہ محکمہ جل شکتی کلن کی ایک وسیع آبادی کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں اقدامات کررہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس سلسلے میں ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔
پینے کے پانی کی قلت
