پلوامہ//گابر پورہ پلوامہ میں لوگوں نے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا ۔انہوں نے شوپیان پلوامہ روڑ پر دھر نا بھی دیا ۔ احتجاجی مظاہرین نے کہاکہ گابرپورہ میں کئی برسوں سے پینے کے پانی کی سخت قلت ہے جبکہ محکمہ پی ایچ ای مسئلہ حل کرنے میں نا کام رہی ۔مقامی لوگوں نے سنیچرکو سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے شوپیان پلوامہ روڑ پر کچھ وقت تک دھرنا بھی دیا ۔مظاہرین نے کہا کہ اُن کے علاقے کی وسیع آبادی پینے کے صاف پانی کے حوالے سے زبردست مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ ای کو کئی بار مطلع کیا لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہو ئے جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر نکلنے کے لئے مجبور ہو ئے۔ مظاہرین نے کہاکہ علاقے کو پانی کی سپلائی پہنچانے کے لئے جو پائپ لائن30سال قبل بچھائی گئی ہے وہ خستہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے بستی تک پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں پہنچتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ نے چند سال پہلے گائوں سے500میٹر دور ایک ٹینکی اور ایک ریزر وائر تعمیر کیا تاہم ابھی تک گائوں کو اس ٹینکی سے پانی فراہم نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے آبادی کوسخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔ لوگوں کے احتجاج کے بعد علاقے میں پانی کا ایک ٹینکر بھی روانہ کیا گیا ہے ۔