بانڈی پورہ//صدرکوٹ پائین میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے خلاف بستی کے مردوزن نے سرینگر بانڈی پورہ شاہراہ پر دھرنا دیکر ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا ۔شاہراہ پر دھرناکی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت چارگھنٹوں تک مسدود ہوکر رہ گئی ۔ دھرنا میں شامل افراد نے بتایا کہ گنائی محلہ اور دیگر محلے ایک ہفتے سے پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ظہور احمد میر نے صدر کوٹ کے باشندوں کو بالخصوص اورضلع کی پوری آبادی کو بالعموم پینے کے پانی کی اطمینان بخش سپلائی یقینی بنانے کے لئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی۔صدر کوٹ پائین کے لوگوں کی شکایات کے پیش نظر اے ڈی سی نے ڈیزل جنریٹر کو چالو کرنے کی ہدایت دی تاکہ صدر کوٹ کے باشندوں کے لئے پینے کے پانی کی باقاعدہ سپلائی یقینی بن سکے۔