اننت ناگ//ڈورو اننت ناگ میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے پیش نظر جل شکتی محکمہ کے خلاف لوگوںنے احتجاج کیا۔احتجاج میں شامل خواتین اور مردوں نے جل شکتی محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں گذشتہ ایک ماہ سے پانی کی قلت کی وجہ سے ہا ہا کار مچی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔احتجاج میں شامل شکیلہ نامی ایک خاتون نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ علاقے میں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو اس بارے میں مطلع کیا تاہم اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث لوگ گرمیوں کے ان ایام میں صاف پانی کی ایک ایک بوندکیلئے ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان کا مقدس مہینہ شروع ہورہا ہے تاہم ان کے علاقہ میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا معاملہ درپیش ہے ۔احتجاجی خواتین نے اننت ناگ ڈورو سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کیں جس کے باعث اس روٹ پرکئی گھنٹوں تک گاڑیوں کی نقل و حرکت پر اثر پڑ ا۔اس دوران ڈورو پولیس نے موقعہ پر پہنچ کر لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو اعلیٰ حکام تک پہنچاکر حل کریں گے جس کے بعد احتجاجی مظاہرین پرامن طور منتشر ہوگئے ۔