سرینگر// پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے نتیجے میںتیلی محلہ رہمو پلوامہ کے لوگوں نے جمعہ کو جل شکتی محکمہ کے خلاف زور دار احتجا ج کیا۔پلوامہ رہمو سڑک پر جمعہ کی صبح ا س وقت گاڑیوں کی نقل و حمل کئی گھنٹوں تک رک گئی جب تیلی محلہ رہمو کے لوگوں نے دھرنا دیا اور جل شکتی محکمہ کے خلاف زور دار احتجاج کیا ۔مظاہرین نے بتایاکہ گرمیوں کے ان ایام میں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سال سے علاقے میںپینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2017میں متعلقہ محکمہ نے پانی کی سپلائی بحال کرنے کیلئے ایک پائپ لائن بچھائی تاہم آج تک پانی کی سپلائی ممکن نہیںہو سکی ۔ مظاہرین نے کہا کہ علاقے میںپانی کی سپلائی بحا ل کرنے کیلئے ہنگامی نوعیت کے اقدامات کے جائیں تاکہ گرمیوں کے ان ایام میںلوگوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کی ۔ ادھرپکھر پورہ کی بلخی بستی کے لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف پکھر پورہ پلوامہ سڑک پر دھرنا دیکر زوردار احتجاج کیا ۔احتجاج میں شامل مرد وزن نے کئی گھنٹوں تک دھرنا دیکر ٹریفک کی نقل وحرکت مسدود کردی ۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتہ سے وہ پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کی غفلت شعاری کے نتیجے میں وہ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔سی این آئی/کے این ایس