کپوارہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر نے عوامی رابطہ مہم کے تحت پیر کو کرالہ پورہ علاقہ کا دورہ کر کے لوگوں کے مسائل کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میںکرالہ پورہ میں ایک کیمپ منعقد کیا گیا جس میں کرالہ پورہ تحصیل کے سینکڑوں لوگو ں نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کے سامنے رکھے ۔لوگو ں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کا توجہ کرالہ پورہ میں قائم رسیونگ اسٹیشن کی طرف مبذول کرایا اور کہا کہ کرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن اوور لو ڈ ہوتا ہے جس کی وجہ سے یہا ں کے لوگو ں کو معقول بجلی سپلائی فراہم نہیں کی جاتی ہے اور نتیجے کے طور پورا تحصیل شام ہوتے ہیں گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتا ہے ۔لوگو ں نے کرالہ پورہ میں قائم سب ضلع اسپتال کی زیر تعمیر عمارت کے کام میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا ۔اس کے علاوہ میلیال ،چوکی بل ،ٹھنڈی پورہ ،درد پورہ ،وارسن ،گزریال ،پنزگام اور بڈنمل کے لوگو ں نے بھی اپنے علاقوں کے مسائل ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ کی نو ٹس میں لائے۔اس موقع پرڈی سی کپوارہ نے لوگو ں کو یقین دلایا کہ آئندہ15روز کے دوران کرالہ پورہ رسیونگ اسٹیشن میں بڑا صلاحیت والا ٹرانسفار مر نصب کیا جائے گا تاکہ علاقہ میں بجلی بحران پر قابو پایا جائے گا جبکہ کرالہ پورہ اسپتال کی زیر تعمیر عمارت کی پہلی منزل کو بھی فوری طور مکمل کر کے عوام کے نام وقف ہو گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ کرالہ پورہ میں نالہ ہد پر زیر تعمیر پل کو بھی ترجیحاتی بنیادو ں پر تعمیر کیا جائے گا جبکہ قصبہ میں خواتین اور مردوں کے لئے الگ الگ بیت الخلا ءبنائے جائیں گے ۔انہو ں نے لوگو ں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لئے یکجا ہوکر کام کریں جس کے لئے سرکار پہلے سے ہی کو شاں ہیں ۔خالد جہانگیر نے کہا کہ وہ کپوارہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں لوگو ں کو در پیش مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے لئے انہیں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے ۔اس موقع پر ایس ایس پی کپوارہ شمشیر حسین نے کہا کہ امن کے بغیر تعمیر و ترقی نا ممکن ہے اور لوگ اس کے لئے آ گے آ ئیں ۔ایس ایس پی نے مزید بتا یا کہ لوگ سماج کو جرائم سے پاک و صاف رکھنے میں پولیس کو اپنا تعاون فراہم کریں ۔تحصیلدار کرالہ پورہ محمد گلزار میر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔