راجوری //راجوری کے پنج پیر اور چلڈرن پارک کے مکینوں نے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کو لے کر جموں راجوری شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کر تے ہوئے احتجاج کیا ۔پنج پیر کے مکینوں کی ایک بڑی تعداد جس میں خواتین بھی شامل تھیں جموں راجوری شاہراہ کو بند کرنے کے بعدٹائر بھی جلائے ۔مظاہرین نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ایچ ای کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای کے اعلیٰ آفیسران اور ریاستی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی تاہم اس دوران تحصیلدار راجوری دیگر آفیسران کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلا یا کہ ان کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا جس کے بعد شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کیا گیا ۔دریں اثناء چلڈرن پارک راجوری کے مکینوں نے گوجر منڈی تا پنجہ چوک سڑک کو بند کر کے احتجاج کیا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں پا نی کی قلت کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔اس دوران اعلیٰ آفیسران اور پولیس نے مشترکہ طور پر مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ ان کو جلداز جلد پانی سپلائی کیا جائے گا ۔محکمہ پی ایچ ای کے مطابق خراب موسم کے چلتے بجلی کی سپلائی میں خلل آ رہاہے جس کی وجہ سے عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔