سرینگر//ارشاد احمد//ہارون میں محکمہ جل شکتی نے پینے کے صاف پانی کے غلط استعمال پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر پمپ اور سینکڑوں پائپوں کو ضبط کیا ہے۔ ہارون،شالیمار،نشاط،تیل بل سمیت دیگر علاقوں کے شہریوں کاکہنا ہے کہ پینے کے صاف پانی کی قلت سے انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ مذکورہ علاقوں کے لوگوں کاالزام ہے کہ کئی ہفتوں سے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ہے۔ محکمہ جل شکتی نے لوگوں کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ٹیم تشکیل دی جنہوںنے ہارون میں گھر گھر جاکر متعدد موٹر پمپ اور سینکڑوں پائپوں کو ضبط کیا۔ انجینئر آفاق چشتی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جو لوگ پینے کے صاف پانی کو باغیچوں میں سینچنے، گاڑیاں دھونے، پارکوں کو پانی دینے اور تعمیراتی کاموںمیں استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ، ان پر جرمانہ اور ٹیکس لگانے کا منصوبہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پینے کے صاف پانی کے بے دریغم غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور مرتکین کیخلاف کارروائی ہوگی۔ ہارون ڈیولپمنٹ فورم کے چیئرمین پیر بلال نے محکمہ جل شکتی کی جانب سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران درجنوں پانی کے موٹر پمپ اور دیگر سازو سامان ضبط کرنے کی سراہنا کرتے ہوئے ہارون کے مقامی باشندوں کو محکمہ جل شکتی کو تعاون دینے کی اپیل کرتے ہوئے پینے کا صاف پانی ضائع نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔