پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں میں مضبوط پاور انفراسٹرکچر اور پانی کی پائیدار فراہمی پر زور
عظمیٰ نیوز سروس
جموں //وزیر جل شکتی، جنگلات، ماحولیات و قبائلی امور، جاوید احمد رانا نے سول سیکریٹریٹ جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے پیر پنجال خطے کے اضلاع پونچھ اور راجوری میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے بنیادی ڈھانچے، آبپاشی منصوبوں اور آبی بجلی پروجیکٹس کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ کا مقصد سرحدی اور دور دراز علاقوں میں عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے جاری منصوبوں کی رفتار اور مؤثریت کو یقینی بنانا تھا۔میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی ڈی سی ایل راہل یادو، چیف انجینئر آبپاشی و فلڈ کنٹرول منوج گپتا، چیف انجینئر ٹرانسمیشن جے پی ڈی سی ایل حبیب چوہدری ،چیف انجینئر ڈسٹری بیوشن کے کے تھاپا، چیف انجینئر پلاننگ و پروکیورمنٹ وجے کمار بالمترہ، چیف انجینئر پروجیکٹس وکاس آنند اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔وزیر موصوف نے بجلی کے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے اور خاص طور پر سرحدی و دور افتادہ علاقوں میں بلا رکاوٹ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم پاور انفراسٹرکچر نہ صرف معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے بلکہ عوامی فلاح، بہتر خدمات اور مجموعی علاقائی ترقی کے لئے بھی ناگزیر ہے۔جائزہ کے دوران وزیر نے بجلی کی تقسیم لائنوں، سب اسٹیشنوں اور ٹرانسمیشن کوریڈورز کی موجودہ صورتحال اور توسیعی منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی۔ مختلف مرکزی اور یو ٹی اسپانسرڈ اسکیموں کے تحت جاری کاموں کی رفتار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ رائٹ آف وے، بجلی کے کھمبوں کی تنصیب اور منظوریوں میں تاخیر جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس پر افسران نے بتایا کہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور متعلقہ محکموں کے درمیان تال میل کے ذریعے ان رکاوٹوں کو دور کیا جا رہا ہے۔جاوید احمد رانا نے زیر التوا مسائل کے فوری حل اور مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ انفراسٹرکچر منصوبوں میں تاخیر سے خاص طور پر مینڈھر جیسے حساس اور دور دراز علاقوں میں عوامی خدمات متاثر ہوتی ہیں، ساتھ ہی انہوں نے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور مسلسل نگرانی کو صارفین کے اطمینان کے لئے ضروری قرار دیا۔وزیر موصوف نے سیوٹ،راجوری رِسیوِنگ اسٹیشن منصوبے کا خصوصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے اسے ضلع راجوری کے لئے ایک اہم پاور پروجیکٹ قرار دیا، جو ہائی وولٹیج بجلی کی ترسیل اور بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔پرنئی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر نے آبی بجلی کی ترقی اور توانائی میں خود کفالت کے لئے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے متعلقہ ایجنسی کو منصوبے کی بروقت تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ ضلع پونچھ میں توانائی کے تحفظ، معاشی ترقی اور معیارِ زندگی میں بہتری لائے گا۔ ایم ڈی جے کے پی ڈی سی ایل راہل یادو نے بتایا کہ یہ منصوبہ دسمبر 2027تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔وزیر نے اناَس آبپاشی نہر منصوبے میں طویل تاخیر پر سنجیدہ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ کام کے فوری آغاز کے لئے تمام قابلِ عمل امکانات تلاش کیے جائیں، کیونکہ یہ منصوبہ مقامی آبادی کے لیے پانی کی پائیدار فراہمی کو یقینی بنا سکتا ہے۔میٹنگ میں آر ڈی ایس ایس اسکیم اور ڈی اے جے جی یو اے پروگرام کے تحت جاری دیہی و قبائلی علاقوں میں بجلی رسانی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر نے قبائلی دیہات میں انفراسٹرکچر خلا کو پْر کرنے کے لیے کام میں تیزی لانے اور غیر برقی علاقوں کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔وزیر جاوید احمد رانا نے یقین دلایا کہ پونچھ اور راجوری کے عوام کو بلا تعطل بجلی اور بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور پیر پنجال خطے کی مجموعی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔