سرینگر//پیپلزکانفرنس نے سرکردہ عالم دین ،راحانی بزرگ ،داعی ومبلغ مولینا پیرشمس الدین کے انتقال پر ایک تعزیتی نشست میں انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ایک بیان کے مطابق پارٹی صدر سجاد غنی لون کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں نائب صدر عبدالغنی وکیل اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران پارٹی رہنمائوں نے مرحوم پیرصاحب ؒکی کشمیر میں اسلام کی ترویج اوراشاعت میں ان کی بے پناہ خدمات کو اُجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ امن اور بھائی چارے کے پیغام کوعام کرنے میں پیرصاحب کی محنت کوآنے والے وقتوں میں یادرکھاجائے گا۔میٹنگ کے دوران مرحوم کی روح کے ابدی سکون کی دعاکرتے ہوئے پیپلز کانفرنس رہنمائوں نے سوگوارخاندان کے ساتھ تعزیت کی اوردکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا مرحوم نہ صرف ایک عالم دین تھے بلکہ وہ ایک زندہ دل انسان بھی تھے،جنہوں نے عوام تک دین کی باتیں پہنچانے میں اہم کردرار ادا کیا۔ وہ ایک بہترین خطیب تھے اورلوگوں کے درمیان وعظ و نصیحت، بذلہ سنجی اور علم و حکمت کے موتی بکھیرتے رہے۔یہی وجہ ہے کہ وہ عوام و خواص دونوں کے درمیان بے حد مقبول تھے۔
جمعیت علماء کاخراج عقیدت
سرینگر//جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃنے جموں وکشمیر کے معروف داعی ومبلغ،پیر طریقت کے انتقال پراظہار رنج وغم کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔علماء دیوبند کے متحدہ فورم جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ جموں وکشمیرکے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے معروف داعی ومبلغ، دعوت وتبلیغ ضلع کپواڑہ کے مرکزجامع مسجدمرشدین کے سرپرست وبانی حضرت پیر شمس الدین صاحب لولابی کے انتقال پراظہار رنج وغم کرتے ہوئے انہیںان کی گرانقدر دینی ، دعوتی، علمی، اصلاحی ،وروحانی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا جمعیت کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی نے کہاکہ حضرت پیر صاحب رحمۃ اللہ علیہ وہ عظیم الشان انسان تھے جنہیں جموں وکشمیر میں دعوت وتبلغ کے بانیوںمیں شمار کیا جاتا تھا ،آپ دعوت وتبلیغ کے عالمی امیر حضرت منشی اللہ دتا رحمۃ اللہ علیہ کے خلیفہ خاص ومجاز بیعت تھے۔ حضرت پیر صاحب کا ریاست جموں وکشمیر پر بہت بڑا احسان ہے کہ آپ نے گھر گھر اور دردر جا کر فرزندان ملت اسلامیہ تک دین وایمان کا پیغام پہنچایا۔آپ نے پوری زندگی دین اسلام کے پھیلاؤ اور اسکی سربلندی کیلئے وقف کررکھی تھی۔ عبدالقیوم قاسمی جو بذات خود مرحوم کے جنازہ میں شامل تھے، نے کہا کہ حضرت پیر صاحب کا جنازہ اپنی مثال آپ تھا جس میں ہزاروں کی تعداد میں علماء وصلحاء اور دینی وسماجی شخصیات کے ساتھ ساتھ جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ جموں وکشمیر کے بیشتر اراکین تاسیسی واراکین شوریٰ نیز اہل مدارس علماء وطلباء شامل تھے۔مولانا قاسمی نے دعا کی کہ اللہ رب العزت مرحوم کی خدمات کو قبول فرماکرانہیںجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور امت مسلمہ بالخصوص دعوت وتبلیغ،مرکزی مسجد مرشدین کپواڑہ اور اور آپ کے قائم کردہ دیگر مدارس ودینی مراکز کو نعم البدل عطا فرمائے اورحضرت ؒ کے متعلقین وپسماندگان اور پوری ریاست میں پھیلے ہوئے آپ کے صحبت یافتہ شاگردوں و مریدوں ،آپکے جانشین فرزند پیر عبدالرشید ودیگر اہل خانہ کو صبر جمیل سے نوازے۔مولانا قاسمی نے مرحوم کے متعلقین وپسماندگان اور فرزندان کی خدمت میں اپنی طرف سے دارالعلوم شیری بارہمولہ کے مدرسین، منتظمین وطلباء کی طرف سے نیز جمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ جموں کشمیر کے تمام ممبران وکارکنان کی طرف سے تعزیت مسنونہ پیش کی اورفرزندان ملت اسلامیہ بالخصوص ائمہ مساجد علماء وطلباء سے حضرت ؒ کیلئے ایصال ثواب ودعاء مغفرت کی درخواست کی۔