سرینگر//پیر باغ حیدر پورہ میں اندرونی رابطہ سڑکیں اور گلی کوچوں کی حالت ناگفتہ بہہ ہونے کے باعث مکینوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔پیر باغ کی اندرونی اور ذیلی رابطہ سڑکیں برسوں سے انتہائی خستہ اور ناقابل آمدورفت ہیںجس کے سبب نہ صرف مقامی آبادی بلکہ علاقہ میں آنے جانے والوں کو سخت دقتوں کا سامنا ہے۔مقامی شہری محمد افضل بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پیر باغ کے گرین ایونیو،جیلان آباد لین نمبر 1,2,3،فیصل لین کی اندرونی اور ذیلی رابطہ سڑکوں کی حالت کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے جن میں گاڑی چلانے والوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حالیہ دو دنوں سے ہوئی بارشوں کی وجہ سے فیصل لین رابطہ سڑک تالاب میں تبدیل ہوگئی ہے جس میں دو فٹ سے زائد پانی جمع ہوگیا ہے اورمناسب طریقے سے نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کیلئے اس پر سفر کرنا وبال جان بنا ہوا ہے۔ مقامی آبادی نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ رابطہ سڑکوں کی تعمیر و تجدید کا کام فوری طور پر عمل میں لایاکیا جائے ۔