پیرپنچال میں برفباری وموسلادھاربارش سے معمولات زندگی متاثر

راجوری //راجوری اورپونچھ اضلاع کے بالائی علاقوں میں برفباری اورمیدانی علاقوں میں شدیدموسلادھاربارشوں کی وجہ سے دوسرے روز بھی معمولات زندگی متاثررہے ۔ضلع انتظامیہ راجوری کے ذرائع نے بتایاکہ راجوری کے بالائی علاقوں میں بھاری برفباری اور میدانی علاقوں میں درمیانی بارشوں کاسلسلہ گزشتہ روزصبح سے ہی شروع ہوگیاتھا جس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثرہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کے درہال، تھنہ منڈی، کوٹرنکہ اوربدھل میں بھی برفباری ہونے کی اطلاعات ہیں۔پونچھ سے پولیس ذائع نے بتایاکہ پونچھ کے بالائی علاقوں میں بھی برفباری کاسلسلہ جاری ہے اورمیدانی علاقوں میں بارش ہورہی ہے ۔انہوں نے مزیدبتایاکہ لورن اورساوجیاں میں لوگوں کامعمولات زندگی بری طرح متاثرہواہے اورسڑکیں بندہونے کی وجہ سے ٹریفک بھی متاثرہوئی ہے تاہم کسی جان ومال کے نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
 
عشرت حسین بٹ
 
منڈی//پوری ریاست کی طرح ضلع پونچھ میں بھی موسم نے ایک مرتبہ پھر مزاج بدلا۔ ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں جمعرات کو شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے سردی میں شدت آئی۔ذرائع کے مطابق ضلع پونچھ کے بالائی علاقہ جات مثلاًلورن ،ساوجیاں ،منڈی ،سرنکوٹ وغیرہ میں جمعرات کو ایک مرتبہ پھر تازہ بارف باری ہوئی جبکہ ضلع کے میدانی علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے ایک مرتبہ سردی میں اور بڑھوتری ہوئی۔ برف باری اور بارش کے وجہ سے ضلع کے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام کافی حد تک مفلوج ہو کر رہ گیاہے جبکہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں جانے والی سڑکوں پر ٹریفک نظام میں بھی کافی مشکلات دیکھنے کو ملیں ۔منڈی تحصیل کے لورن اور ساوجیاں علاقوں کو جانے والی سڑکوں سے اگر چہ محکمہ تعمیرات عامہ کی طرف سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے تاہم تازہ برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن کے واقعات بھی رونما ہوئے ۔برف باری کی وجہ سے سرنکوٹ سے دیرہ کی گلی جانے والی شاہراہ کو انتظامیہ کی طرف سے گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا جو آخری خبریں موصول ہونے تک رک ہی گئی تھی ۔ادھر تاریخ مخل شاہراہ کو بھی برف باری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد ورفت کے لیے بند رکھا گیا ہے ۔برف باری اور برسات کی وجہ سے سردی میں کافی شدت آئی ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور بازاروں میں بھی لوگوں کی آوا جاہی کافی کم ہونے کی وجہ سے سنسانی چھائی رہی۔
 
طارق شال
 
تھنہ منڈی/ جمعرات کے روز تازہ برف بھاری سے ڈیرہ گلی سڑک پر ساڑھے تین فٹ برف ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس موسم کی برف باری نے گزشتہ کئی سالوں کا ریکارڈبھی توڑ دیا ہے۔بدھ کے روز شروع ہونے والی برف باری اور شدید بارشوں کی وجہ سے تھنہ منڈی کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی اوریہ  سلسلہ جمعرات شام تک جا ری تھا۔ اس تازہ برف بھاری سے راجوری بفلیا ز براستہ تھنہ منڈی سڑک ڈیرہ گلی کے مقام پر مزید ساڑھے تین فٹ برف گرنے سے بندہوگئی ہے اوراس وجہ سے متبادل شاہراہ پرگاڑیوں کی آمدورفت ٹھپ ہو گئی ہے۔ جمو ں سے پونچھ کو ملانے والی متبادل شاہراہ براستہ ڈیرہ گلی کافی اہمیت کی حامل ہے اور بفلیاز کے مقام پر تاریخی مغل شاہراہ کے ساتھ جوڑتی ہے۔ بفلیاز، چنڈیمڑھ، ڈگران، بہرام گلہ کے عوام موسم سرما کے چھ ماہ شہرپونچھ اور راجوری میں منتقل ہوجاتے ہیںاور یہ سڑک بند ہوجانے سے لوگوں کوکافی مشکلات کاسامناکرناپڑرہاہے۔ گریف حکام نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسم خوشگوار ہونے پر جمعہ کے روز ڈیرہ گلی سڑک پر برف ہٹانے کا کام جاری رہے گا۔