جموں//ادہم پور انتظامیہ کی طرف سے مبینہ طور پر پینتھرز پارٹی کو انتقام کا شکار بنائے جانے کا الزام لگاتے ہوئے پارٹی نے جمعرات کو زور دار مظاہرہ کیا۔ پارٹی چیئر مین ہرشدیو سنگھ کی قیادت میں کارکنوں نے پریس کلب سے ایک ریلی نکالی جو ڈویژنل کمشنر کے دفتر پر اختتام کو پہنچی ۔اس سے قبل مظاہرین نے توی پل پر دھرنا دیا جس کی وجہ سے کچھ دیر تک گاڑیوں کیا ٓمد و رفت میں بھی خلل پڑا۔ ڈی سی اور ایس ایس پی ادہم پور کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ پارٹی کی خواتین ورکروں سمیت کارکنان کو ہراساں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی ایماءپر 23جولائی کو ڈی سی دفتر کے باہر خواتین کارکنوں کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ انہوں نے گورنر کو ڈویژنل کمشنر کے توسط سے ایک میمورنڈم بھیجا جس میں کہا گیا ہے کہ ادہم پور انتظامیہ بی جے پی کے کہنے پر پینتھرز پارٹی کو دھونس دباﺅ سے دبانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ آئے روز پارٹی کے کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جا رہے ہیں ، ان کی آواز کا گلا گھونٹنے کے لئے طاقت کا بے جا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں کی طرف سے پارٹی چیئر مین ہرشدیو کو قتل کرنے کی دھمکیوں کے ویڈیو ریکارڈ موجود ہیں اور کئی بار اس حوالہ سے پولیس کے پاس رپورٹ درج کروائی گئی مگر پولیس بی جے پی کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی اور ڈی سی ادہم پور صرف اس لئے اس ضلع میں تعینات کیا گیا ہے تا کہ وہ سیاسی آقاﺅں کے اشاروں پر چل کر پینتھر پارٹی کے خلاف کام کر سکیں ۔ انہوں نے ڈی سی کی طرف سے ہرشدیو کی سرکار ی رہائش گاہ خالی کروانے اور اس کی سیکورٹی واپس لینے کے حوالہ سے لکھے گئے مبینہ خط پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔