سرینگر// پہلگام میں ڈگری کالج کی عدم موجودگی سے علاقے کے طلبہ کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پہلگام کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو چالیس پچاس کلو میٹر کا سفر طے کرکے ڈگری کالج اننت ناگ پہنچناپڑتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ علاقہ قریب پانچ لاکھ نفوس پر مشتمل ہے جس میں ہزاروںایسے طلبہ شامل ہیں جنہیں ڈگری کالج جانا پڑتا ہے ۔ اس سلسلے میں عوامی حلقوںنے بتایا کہ علاقے میں کالج کے قیام کیلئے پچھلی سرکاروں نے وعدے تو کئے تھے لیکن زمینی سطح پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔انہوںنے کہاکہ 2012سے یہاںکے لوگ یہ مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔مقامی لوگوں نے اعلی تعلیم کے حکام سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ۔سی این آئی