سرینگر // وادی میں شبانہ سردی میں متواتر طور پر اضافہ ہو رہا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ کشمیر میں 10نومبر تک بارشوں اور برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے البتہ دن گزرنے کے ساتھ ساتھ درجہ حرارت میں گراوٹ دیکھنے کو ملے گی ۔محکمہ کے ترجمان نے بتایا کہ گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ دو ہفتوں سے لگاتار رات کا کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جا رہا ہے اور وادی کے دیگر علاقوں میں بھی اس میں بتدریج کمی دیکھنے کو ملی ہے ۔منگل اور بدھ کی درمیانی رات گلمرگ اور پہلگام سرد ترین جگہیں رہیں جہاں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔گلمرگ میں منفی 1.6 ڈگری جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.0 ڈگری سلسیش رہا ۔ ترجمان کے مطابق سرینگر میں رات کا درجہ حرارت2.0 ،کپوارہ میں 1.2 اور قاضی گنڈ میں 1.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔اس دوران محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ 4اور5نومبر کی رات کو جموں وکشمیر کے کچھ ایک بالائی علاقوں میں معمولی بارشیں یا پھر برف باری ہو سکتی ہے تاہم 10نومبر تک کسی بڑی موسمی تبدیلی کا کوئی بھی امکان نہیں ہے ۔ادھر گلمرگ میں بدھ کی صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کئے گئے ،ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3 .6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی10 کلو میٹر تھی۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی نے بدھ کی صبح اپنے ٹویٹر ہینڈل پر زلزلے کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گلمرگ کے شمالی علاقے میں بدھ کی صبح 5 بجکر 57 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی دس کلو میٹر تھی۔
پہلگام میں منفی 2اور گلمرگ میں منفی1.6
