جموں//خطہ چناب میں حالیہ برف باری کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما کی قیادت میں ایک اجلاس منعقد کر کے متاثرہ اضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران سے رپورٹ طلب کی۔ اس اجلاس میں ڈائریکٹر فوڈ سپلائز جموں امت شرما، چیف انجینئر تعمیرات عامہ سدھیر شاہ، چیف انجینئر بجلی سدھیر گپتا، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر سمیر مٹو، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی ڈی کے کھنہ، چیف انجینئر ایس اینڈ او ونگ گورمیت سنگھ، چیف انجینئر ایم ای ڈی، گگن جیوتی موجود تھے جب کہ رام بن ، پونچھ، ڈوڈہ، کشتواڑ، ادہم پور، راجوری اور کٹھوعہ کے ضلع ترقیاتی کمشنروں ،پولیس کپتانوں اور دیگر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شرکت کی۔ ڈویژنل کمشنر نے ان اضلاع میں بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ افسران نے بتایا کہ تمام اضلاع میں وافر مقدار میں راشن، رسوئی گیس اور ادویات وغیرہ دستیاب ہیں۔ افسران نے میٹنگ میں سڑکوں ، واٹر سپلائی اسکیموں ، بجلی ڈھانچہ اور دیگر املاک کو پہنچے نقصانات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے برف ہٹانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ عارضی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے تاہم بارشوں اور برفباری کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔ڈویژنل کمشنر موصوف نے محکمہ بجلی کو ان اضلاع میں درکار تعداد میں ٹرانسفارمر مہیا کروائے جانے کی ہدایت دیتے ہوئے سڑکوں سے برٖف ہٹانے کے کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کو ہدایت دی گئی کہ وہ پہاڑی علاقوں میں ڈاکٹروں کی قلت کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ مطلوبہ مقامات پر ایمبولنس فراہم کریں۔