راجوری+منڈی //ریاست سمیت راجوری پونچھ کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری اور نشیبی علاقوں میں بارش ہونے سے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئی ہے ۔راجوری پونچھ کے تمام پہاڑی علاقوں میںبرفباری ہوئی جبکہ نچلے علاقوں میں بارش ہورہی ہے ۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری تھا ۔اس دوران راجوری کے کوٹرنکہ درہال،تھنہ منگ، بدھل و دیگر بالائی علاقوں اور پونچھ کے منڈی ، سرنکوٹ ، بفلیاز و دیگر علاقوں میں برفباری ہوئی ہے جبکہ باقی تمام نچلے علاقوں میں بارشیں ہورہی ہیں ۔برفباری کے باعث تھنہ منڈی۔سرنکوٹ براستہ دیرہ گلی روڈ اورمنڈی ۔لورن سڑک ٹریفک کیلئے معطل ہوگئی ہیں ۔یہ دونوں سڑکیں حالیہ برفباری کے دوران بھی بندہوگئی تھیں جن پر برف ہٹانے کے بعد ٹریفک بحال کیاگیاتھا۔اس دوران راجوری پونچھ دونوں اضلاع میں کئی گائوں دیہات کی بجلی سپلائی بھی منقطع ہوئی ہے ۔تاہم کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی کوئی اطلا ع نہیں ملی ۔دریں اثناء منڈی میں بھی کافی برفباری ہوئی ہے۔ برف باری کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی وہیں مختلف علاقہ جات میں بجلی نظام کافی حد تک متاثر ہو اہے اور عوام راشن ، بالن اور تیل خاکی سے بھی محروم ہیں ۔ متعدد علاقوں کے لوگوں نے بتایا کہ موسمِ سرما میں وہ نہایت پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی خبر ہونے کے باوجود کے موسم مزاج بدلے گا تو لوگوں کو پریشانی ہو گی، کسی قسم کے اقدامات میں نہیں اٹھائے گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ سردی میں بجلی کی بے حد ضرورت ہے مگر بارش کی چند بوندیں گرنے کے بعد بجلی نظام متاثر ہوجاتاہے ۔ ساوجیاں کے محمد اشرف نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ان کیلئے کسی قسم کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا جبکہ ایسے موسمی حالات ہر سال رونماہوتے ہیں اور ہر برس برفباری بھی ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ برف باری سے پہلے ہی اقدامات اٹھا ئے جانے چاہیے تھے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے مگر بدقسمتی کی بات ہے کہ ابھی تک کچھ نہیں کیاگیا۔ انہوں نے انتظامیہ سے بالائی علاقہ جات میں رہنے والے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔وہیںنوشہرہ میں بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ہوئی اور عوام کو سخت سردی کا سامنا کرناپڑا۔سنیچر کی صبح سے ہی علاقے میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے درجہ حرارت کافی نیچے آگیا ۔