پہاڑوں پر برفباری،میدانوں میں بارشیں

سرینگر //محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں جس دوران کئی ایک اہم رابطہ سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا۔ ادھر شہر سمیت وادی کے متعدد علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔شہر میں صبح پہلے موسم ابر آلود تھا تاہم جمعہ کو بعد دوپہر بارشیں شروع ہوئیں جو شام دیر گئے تک جاری رہیں۔ اس دوران دیگر اضلاع میں بھی بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔  بانڈی پورہ سے عازم جان نے بتایا کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہورہی ہیں جبکہ رازدان ٹاپ اور گریز کے دیگر پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں انتظامیہ نے گریز بانڈی پورہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ہے کیونکہ شاہراہ پر تازہ 5انچ برف جمع ہے ۔ضلع میں شام دیر گئے تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری تھا۔ ایس ڈی ایم گریز مدثر احمد نے تصدیق کی کہ سڑک بند کردی گئی ہے اور یہ سڑک اکتوبر سے اب تک تیسری بار بند ہوئی ہے ۔بارہمولہ سے ہمارے نمائندے فیاض بخاری کے مطابق ضلع کے میدانی علاقوں میں صبح سے ہی تیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے جس سے لوگ گھروں میں ہی محصور ہو کر رہ گئے۔
گلمرگ میں3انچ ، افروٹ میں 4انچ اور کھلن مرگ میں 4انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی ہے ۔ رفیع آباد ، سوپور ، ناروہ اور دیگر بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کاسلسلہ شام دیر گئے تک جاری تھا ۔ کپوارہ سے اشرف چراغ نے بتایا کہ ضلع کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری کے نتیجے میں سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوئی اور ان سڑکوں کو ضلع انتظامیہ نے احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا ہے ۔کرناہ کی نستہ چھن گلی پر تازہ 5انچ برف جمع ہے ۔اس شاہراہ پر اگرچہ کچھ ایک گاڑیاں صبح کرناہ سے کپوارہ اور کپواڑہ سے کرناہ پہنچی ،تاہم بعد میں اس شاہراہ پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی جبکہ کیرن کی پھرکیاں ٹاپ اور مژھل کی زیڈ گلی پر بھی تازہ 3 سے 4انچ برف جمع ہے۔بنگس وادی ، شمس بری پہاڑی ،سمیت ٹایا ، راگنی ،گناڈوری کے پہاڑ وں پر بھی برف کی موٹی تہہ بچھ گئی ہے۔شام دیر گئے تک ان علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا ۔ادھرکپوارہ انتظامیہ نے اپنے ایک حکم نامے میں کہا ہے کہ تازہ برف باری کے بعد ان سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوئی ہے جس سے حادثات رونما ہو سکتے ہیں اس لئے لوگوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ ان سڑکوں پر سفر نہ کریں ۔انتظامیہ نے، کرناہ ،کیرن ، مژھل، جمگنڈ، بڈنمبل اور کمکڈی کی سڑکوں کوپھسلن پیدا ہونے کے پیش نظراحتیاطی طور پر گاڑیوں کی نقل و حرکت کیلئے بند کر دیا ہے ۔ادھر ضلع کے میدانی علاقوں سمیت کرناہ، مژھل ، کیرن ، ہندوارہ ، لولاب میں تیز بارشیں ہوئیں ۔ شوپیاں سے شاہد ٹاک نے بتایا کہ 1 فٹ تازہ برف گرنے کے بعد پونچھ ضلع کو کشمیر سے ملانے والی مغل شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے ۔
ضلع شوپیاں میںاگرچہ جمعہ کو دن بھر بادل چھائے رہے تاہم پیر کی گلی اور دبجن میں برف باری ہوئی جو شام دیر گئے تک جاری رہی ۔ڈپٹی ایس پی ٹریفک راجوری پونچھ آفتاب شاہ نے بتایا کہ خاص طور پر پیر کی گلی اور دبجن میں تازہ برف باری ہوئی ہے اور پھسلن کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔شاہ نے مزید کہا کہ سڑک پر ٹریفک کی بحالی موسمی حالات پر منحصر ہے۔بڈگام ضلع میں بھی بارشیں ہوئی ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری ہونے کی اطلاع ہے ۔کنگن سے غلام نبی رینہ نے اطلاع دی ھے کہ محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے عین مطابق دراس، منی مرگ، گومری، ذوجیلا ،سونہ مرگ، پنجترنی میں جمہ کی صبح سے ہی ہلکی برفباری ہوئی ، جس کے نتیجے میں سردی کی لہر میں مزید اضافہ ہوا ۔ جبکہ گگن گیر، کلن، گنڈ ،گنی ون، کنگن اور اس کے مضافات میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا ۔زوجیلا میں چار اینچ گومری، منی مرگ، دراس میں تین انچ زوجیلا سونہ مرگ میں چار انچ برفباری کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ 
 

آج سے 16نومبر تک موسم صاف رہے گا :سونم لوٹس 

سرینگر /اشفاق سعید /محکمہ موسمیات نے کہا کہ آج سے موسمی صورتحال میں بہتری آئے گی اور16نومبر تک موسم خشک رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں بھی مزید گراوٹ دیکھنے کو ملے گی ۔سونم لوٹس نے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ جمعہ کو وادی کے بالائی علاقوں میں برف باری ہو گی اور میدانی علاقوں میں بارشیں اور محکمہ کی پیشگوئی کے عین مطابق برف باری اور بارشیں ہوئیں ۔انہوں نے کہا کہ اس موسمی صوتحال کا اثر سب سے زیادہ شمالی کشمیر پر پڑا ہے ،جہاں برف باری اور تیز بارشیں ہوئی ہیں ،تاہم آج سے موسم صاف ہو گا اور 16نومبر تک موسمی خشک رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ تازہ برف باری کے بعد درجہ حرارت میں کچھ حد تک بہتری آئی ہے تاہم جیسے ہی مطلع صاف ہو گا تو پھر سے درجہ حرارت میں کمی واقع ہو گی ۔