کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے بلاک بدھل اولڈ اے کوٹرنکہ کی پنچایت حلقہ دراج اور موڑا کے درمیان تعمیر کیا گیا نالہ پٹیلی پل مکینوں کیلئے سود مند ثابت نہیں ہورہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ برسوں قبل تعمیر کئے گئے پل کو ابھی تک مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پل اور دریا عبور کرنے میں کوئی طرح کے مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔مکینوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دو پنچایتوں کی عوام کیلئے بنائے گئے پل کی سائڈوں کو ابھی تک مکمل ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پل پر پہنچنے کیلئے کافی محنت کرنی پڑتی ہے جوکہ خطرے سے خالی نہیں ہے ۔غور طلب ہے کہ عوام کو سہولیت فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے اس نالے پر پل تعمیر کیا گیا تھا لیکن اس پل کو تعمیر کرنے کے بعد پل تک پہنچنے کیلئے راستہ ہموار نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے لوگ اب بھی دریاپیدل عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پل کی تعمیر کو جلدازجلد مکمل کر کے ان کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔