جموں//پٹوار ایسو سی ایشن کی طرف سے اپنے مطالبات کے حق میں شروع کی گئی چارروزہ علامتی ہڑتال اختتام پذیرہوگئی ہے۔ہڑتال کے آخری روز ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے ڈویژنل کمشنردفترکے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین میںایسو سی ایشن کے عہدیداران بشمول ریاستی صدرپٹوارایسوسی ایشن سجادصدیقی، سینئر نائب صدر مشتاق احمدگنائی ،چیف آرگنائزیشن شاہ اقبال ،ونے کمار،صوبائی صدرفاروق ملک سابق ریاستی صدررمن راج شرما، صوبائی عہدیداران ، ضلع صدرجموں کلیم احمد، ضلع صدرسانبہ محمدامجدملک ودیگران شامل تھے۔اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے ضلع صدرکلیم احمدنے کہاکہ متعلقہ حکام کے ساتھ کی جانے والی میٹنگیں ناکام رہی ہیں جس کے نتیجہ میں وہ اپنی مانگوں کو منوانے کے لئے ہڑتالی روش اپنانے پر مجبور ہو ئے۔انہوں نے کہاکہ ہماری مانگوں میں گریجویٹ پٹواریوں کی گریڈ پے 2400سے بڑھا کر 2800کی جائے، پچھلے چار برس سے پٹواریوں اورگرداوروں کی ڈی پی سی منعقدکی جائے، نائب تحصیلداروں کی راست بھرتی کا سلسلہ بند کیا جائے، ان کے الائونسوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ جن مقامات پر پٹوار خانے تعمیر نہیں ہیں وہاں کرایہ پر عمارتیں مہیا کروائی جائیں ، محکمہ جاتی انکوائری سیل کو فعال بناناشامل ہے۔