رام بن //آل جموں و کشمیر پٹوار ایسو سی ایشن کی کال پر رام بن میں پٹواریوں کی ہڑتال 25یںدن میں داخل ہوئی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنے پر بیٹھے گرداور اور پٹواری لگاتار 25یںروز بھی اپنے مطالبات کو لیکر دھرنا دے رہے ہیں۔ہڑتال سے محکمہ مال کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی ۔مقررین نے اس موقعہ پر الزام لگایا کہ انکے جائز مطالبہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعدکُچھ بھی نہیں کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے انہیںاحتجاج کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بار انکے ساتھ دھوکہ کیا گیا ہے۔احتجاج میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔مقررین نے سرکار پر زور دیا کہ وہ پٹواریوں کے مطالبات فوراً حل کرے ،تاکہ عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔پٹواری اپنے لئے تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پٹواری اور گرداور نائب تحصیلدار وں کی راست بھرتی پر پابندی ،پٹواریوں اور جی کئیوز کے الائونس میں اضافہ اور گرداور قانون گو سرکل اور پٹواری حلقہ بنانے ، پرائیویٹ ایکموڈیشن کی صورت میںپٹوار خانوں اور میٹنگ ہالوں کے لئے کرایہ ، جموں اور سرینگر اضلاع میں پٹوار ایسو سی ایشن کا دفترقائم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں ایسو سی ایشن کے ضلع صدر نے کہا کہ پٹواریوں کی ہڑتال سے عوام کو جو مشکلات پیش آ رہے ہیں ،اُس کے لئے سرکار براہ راست ذمہ وار ہے۔