بارہمولہ// شمالی قصبہ پٹن کا کھرگام علاقہ عصر حاضر میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی آباد کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پانی ،سڑکیں، بجلی اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے نتیجے میں لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔انہوں نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ علاقے میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے تاہم محکمہ جل شکتی کی جانب سے انہیں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے نتیجے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کی سڑکیں بھی کئی سالوں سے خستہ حال ہیں لیکن ان کی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی کے کھمبے اور ترسیلی لائنیں بوسیدہ ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں لوگ بہت پریشان ہیں جبکہ علاقے میں طبی سہولیات کا بھی فقدان ہے جس کی وجہ سے مریضوں اور تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج تک اس گائوں کو نظر انداز کیا گیا ہے اور اگر چہ لوگو ں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکموں کے افسران کو مطلع بھی کیا گیا تاہم کوئی توجہ نہیں دی گئی۔