پٹن میں بینک ڈاکہ زنی

بارہمولہ//پٹن میں بینک ڈکیتی کے معاملے کو 48گھنٹے سے بھی کم وقت میں حل کرکے پولیس نے تین افراد کو گرفتار کیا  ہے ۔  پولیس نے بتایا ہے کہ تینوں بڈگام مین ایس ایس پی او کی ہلاکت اور اس علاقے میں ہوئی 4ڈکہ زنی کی وارتوں میں بھی ملوث ہیں۔پولیس نے تینوں افراد کی شناخت نثار احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن سنگھ پورہ پٹن ، راہل احمد پرے ولد بشیر احمد پرے ساکن کانہامہ ماگام اور عارف احمد میر ولد غلام احمد ساکن مازہامہ کے بطور کی ہے۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس احمد بٹ نے پٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تینوں افراد لشکر کمانڈر یوسف ڈار عرف کانٹرو اور ندیم بٹ کے ساتھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص اطلاع کی بنیاد پر پولیس نے  29 آر آر کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران گذشتہ رات یہ گرفتاریاں عمل میں لائیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ تینوں 22 اپریل کو جموں و کشمیر  بینک کھور شیر آباد میں حالیہ چوری میں ملوث ہیں ، اس کے علاوہ 12 مارچ کو گرامین بینک اوگمونہ ، 16 مارچ کو گرامین بینک پنزی نارہ اور 24 مارچ کو چندی پورہ میں جموں وکشمیر بینک برانچ میں اور دیگر واقعات میں بھی ملوث تھے۔  تینوں نے ابتک 9لاکھ 51ہزار896روپے لوٹ لئے تھے۔ 18فروری کوپیٹرول پمپ بڈگام میں 3,50000لوٹنے میں بھی ملوث تھے۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کووسن میں ایک شہری سے زبردستی چھینی گئی کار بر آمد کی گئی جس سے چھینی گئی بارہ بور بندوق بھی بر آمد کی گئی۔دریں اثنا ، پولیس نے بتایا کہ یہ تینوں11اپریل کو ایس پی او  ناصر احمد خان ولد غلام محمد خان ساکن بوچھی پورہ ماگام کی ہلاکت کے پیچھے بھی تھے جسے آبائی گاوں کے قریب گولی مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ ایس ایس پی نے مزید کہا ابتدائی تفتیش کے دوران ان افراد سے 24,500  نقدی،تین کاریں، ایک چینی پستول ، دو میگزین ، 25 راؤنڈ ، دو 12 بور بندقیں ، دو پاؤچ ، ایک  چھری اور تین پی پی ای کٹس برآمد کئے گئے ہیں۔اور مزید تفتیش جاری ہے۔