ڈوڈہ // ایس پی آپریشنز ڈوڈہ رویندر پال سنگھ کی جانب سے پل ڈوڈہ میں ایک عوامی دربار کا اہتمام کیا گیا ۔ اجلاس کا مقصد پولیس۔عوام کے رشتوں کو مستحکم بنانا اور سلامتی کے منظر نامے میں بہتری لانے کے علاوہ سول و پولیس مسائل حل کرنا تھا جس میں موضع منگوٹہ مرمت،و ملحقہ دیہات کے تقریبا ً40سے50 معززین نے شرکت کی۔شرکائے میٹنگ نے پولیس انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے دور افتادہ علاقہ میں رسائی کی ستائش کی ۔ اس موقعہ پر شرکائے اجلاس نے متعدد مطالبات متعلقہ حکام کے سامنے رکھے جن میںسے اولڈ برج پُل ڈوڈہ، مسافر شیڈ اور بیت الخلا ، پُل ڈوڈہ میں ٹین کا شیڈ اور پینے کے پانی کا اہتمام ، پُل ڈوڈہ میں منی بس اسٹینڈ کی نشاندہی کرنا ، پُل ڈوڈہ کے عوام کے لئے باز آباد کاری میں سرعت لانا ،گڈ سوسے شیوا تک سڑک کی تعمیر کے لئے اراضی فراہم کرنے والے زمین مالکان کو معاوضہ فراہم کرنا شامل ہے ۔ ایس پی آپریشن نے شرکائے میٹنگ کو یقین دلایا کہ ان کی طرف سے اجاگر کئے گئے مسائل اور مطالبات کو متعلقہ حکام کی نوٹس میں لا کر حل کروانے کی کوشش کی جائے گی،جبکہ پولیس سے تعلق رکھنے والی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ ہوگا۔انہوں نے شرکا پر زور دیا کہ وہ پولیس کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کرکے اس کے ہاتھ مضبوط بنائیں تاکہ منشیات ،غیر قانونی شراب، جنگلی جڑی بوٹیوں اور لکڑی کی سمگلنگ جیسے جرائم پر قابو پایا جا سکے ۔