محمد تسکین
بانہال // پچھلے اکیس روز سے پوگل کے لاپتہ نوجوان کی لاش ضلع رام بن کے علاقہ کرالنا ڈگڈول کے قریب نالہ بشلڑی سے برآمد کی گئی ہے اور اس طرح پچھلے اکیس روز سے مختلف ایجنسیوں کی طرف سے وسیع پیمانے پر جاری تلاشی مہم بھی اپنے اختتام کو پہنچی ہے جس سے پورے سب ڈویژن رامسو میں غم کی فضا چھا گئی۔متوفی کی شناخت لاپتہ نوجوان تنویر احمد چوپان ولد عبدالسلام چوپان ساکن منڈکھال پوگل کے طور پر ہوئی ہے، جو 12 اپریل کو پراسرار حالات میں لاپتہ ہو گیا تھا۔ مہلوک نوجوان کے گھر والوں کا کہنا ہےکہ تنویر احمد چوپان 12 اپریل کو جموں سے ایک دودھ دینے والی گائے اور دو بچھڑوں کے ساتھ اپنے گھر پوگل کی طرف آ رہا تھا کہ جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر ڈگڈول سے مبینہ طور پر کچھ افراد نے اس کا تعاقب کیا اور جان کے خوف سے اس نے مکرکوٹ کے مقام نزدیکی نالہ بشلڑی میں چھلانگ لگا دی، جس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا تھا۔اس افسوسناک واقع کے فوراً بعد پولیس، مقامی رضاکاروں اور مختلف ایجنسیوں نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی۔ اس آپریشن میں نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ،فوج، کیو آر ٹی رام بن، ہمالین کیو آر ٹی، رامسو و کھڑی کی ٹیمیں، بانہال والنٹیئرز، ریڈ کراس بانہال اور ڈوڈہ کی این جی او ابابیل نے حصہ لیا۔ دشوار گزار پہاڑی علاقہ، تیز پانی کا بہاؤ اور موسمی رکاوٹوں کے باوجود ٹیموں نے مسلسل 20 دن تک تلاش جاری رکھیں اور بالآخر انہیں ہفتے کی صبح لاش ملنے کے بعد اس کاروائی میں کامیابی حاصل ہوئی ایڈیشنل ایس پی رام بن مجیب الرحمٰن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہفتہ کے روز ڈگڈول کے مقام پر نالے میں کسی مقامی شخص کی نظر پانی میں تیرتی لاش پر پڑی اور اس کے بعد پہلے ہی سے وہاں موجود ریسکیو ٹیموں نے لاش کو نالہ سے برآمد کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاش کافی حد تک خراب حالت میں تھی، جسے فوری طور پر قانونی و طبی کارروائی کیلئے پرائمری ہیلتھ سینٹراُکڑال م منتقل کیا گیا اور تمام ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو لواحقین کے حوالے کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ، ضلع اور سب ضلع انتظامیہ کے افسروں کے علاؤہ آدھ درجن سے زائد ریسکیو ٹیمیں پچھلے بیس روز سے مسلسل تلاش کاروائی میں جٹی تھیں اور ہفتے کے روز وہ اپنی تلاش کاروائیوں میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ تنویر احمد چوپان کے واقع کے سلسلے میں رامسو پولیس نے پہلے ہی مقدمہ درج کر کے چار ملزمان بشمول سرجیت سنگھ، سندیپ سنگھ، دگ وجے سنگھ اور کیول سنگھ کو گرفتار کیا ہے، جو رامبن ٹاؤن اور ملحقہ سری علاقوں کے رہائشی ہیں۔پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے لیے ایس ڈی پی او بانہال سریندر سنگھ بلوریا کی قیادت میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے جو کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے اور اس کیس کی تحقیقات جاری ہے۔ جبکہ چاروں ملزمان کو پہلے ہی عدالتی حراست میں ادہمپور جیل منتقل کیا گیا ہے ۔