بانہال// سب ڈویژن رامسو کے پوگل پرستان کے پنگلوکا علاقے میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں کم از کم پانچ رہائشی مکان مال و اسباب سمیت جل کر خاکستر ہوگئے ہیں اور کئی مکانوں کوجزوی نقصان پہنچا ہے۔ ضلع رام بن کے تحصیل ہیڈکوارٹر اکڑال پوگل پرستان کے علاقے میں فائر سروسز سٹیشن نہ ہونے کی وجہ سے قریب تیس کلومیٹر دور بانہال سے فائر سروس گاڑیوں کو پنگلوکہ مالیگام روانہ کیا گیا جبکہ اتوار کی سہ پہر بعد پیش آئی آگ کی اس واردات کے بعد ایس ڈی ایم رامسو وقار احمد گیری تحصیلدار اْکڑال اور دیگر ماتحت عملے کے ہمراہ جائے واردات پر پہنچ کر بچاؤ اور راحت کی کاروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ یہ علاقہ بانہال سے کم از کم تیس کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے اور اْکڑال پوگل پرستان کے وسیع علاقے میں فائر سٹیشن موجود نہیں ہے اور لوگوں کی طرف سے پچھلی دو دہائیوں سے فائر سٹیشن کے قیام کا مطالبہ ابھی تک پورا نہیں کیا گیا ہے۔اس بارے مزید تفصیلات اور آگ کی وجوہات کے بارے میں مزید معلومات آیا چاہتی ہیں۔ اس دوران ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ پنگلوکہ پوگل میں چار رہائشی مکانات مکمل طور سے خاکستر ہوئے ہیں۔