سرینگر//محکمہ سیاحت نے پونے کی سیاحتی برادری کے ساتھ اَپنے رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر دَکن کالج پونے میں ایک مصوری مقابلہ منعقد کیا جس میں شہر کے مختلف کالجوں کے طالب علموں نے حصہ لیا۔مقابلے میںطالب علموں نے گہری دِلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے اپنے فن کے ذڑیعے کشمیر کی خوبصورتی کے مختلف پہلوئوں کو ظاہر کیا۔ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے مقابلے میں حصہ لینے والے طالب علموں کی حوصلہ اَفزائی کی ۔انہوںنے جیتنے والوں میں اَنعامات تقسیم کئے۔اِس موقعہ پر ناظم سیاحت نے کہا کہ محکمہ 75پرکشش لیکن غیر معروف مقامات کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے اور پونے میں مقیم چھٹیاں منانے والوں کو جموںوکشمیر کا دورہ کرنے کی ترغیب دینے کا منصوبہ بنارہا ہے۔انہوں نے محکمہ کی جانب سے سیاحتی شعبے کی بحالی کے لئے کئے گئے کئی دیگر اِقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی جس کے نتیجے میں گذشتہ مہینوں کے دوران ملکی سیاحوں کی آمد میں اِضافہ ہوا ہے۔اس تقریب کا مقصد جموں وکشمیر کے سیاحتی مقامات کی نمائش کرنا اورلوگوں کو جموں وکشمیر کا دورہ کرنے کی دعوت دینا تھا ۔نیز یہ پروگرام اِس برس ملک بھر کے کئی بڑے شہروں اور بازاروں میں شروع کی گئی وسیع تشہیری مہم کا حصہ ہے جس کے حوصلہ اَفزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔