پونچھ کے ندی نالوں میں بجری وریت مافیاسرگرم عمل

پونچھ//ضلع انتظامیہ کی لاکھ کوششوں کے باوجود پونچھ کے ندی نالوں سے بجری اور ریت نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔لگ بھگ ہر ایک مقام پر ریت بجری مافیا سرگرم عمل ہے۔مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ کے دعوئوں کے باوجود ضلع کی مختلف ندی نالوں میں اس وقت مافیا پوری طرح سے سر گرم ہوا ہے لیکن ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔ سینئر ایڈووکیٹ افتخار احمد بزمی نے ضلع انتظامیہ بالخصوص ڈی ڈی سی اور ایس ایس پی سے سختی سے کہا ہے کہ وہ معدنیات کے اخراج پر کنٹرول رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کان کنی کی وجہ سے پہلے ہی ضلع پونچھ کے دریائے سرن،دریائے منڈی، بیتاڑ نالہ اور پونچھ ندی میں بہت سے نوجوان ڈوب کر مر گئے ہیں اور محکمہ کان کنی کچھ نہیں کر کے بے کار بیٹھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں کان کنی کے محکمے اور پولیس نے مشترکہ طور پر کارروائی کی اور کئی جے سی بی اور ٹرالی کوقبضے میں لیا لیکن کچھ دنوں کے بعد پھر سے وہی مشق جاری ہے اور جے سی بی دن اور رات کے اوقات میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پھر سے خاموش بیٹھی ہے اور اس کی وجہ سے مزید نوجوانوں کی جان جانے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت اور ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال سے اپیل کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے اس سلسلہ پر قدغن لگائیں۔