پونچھ//پونچھ میں حالیہ شدید بارشوں جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں درختوں اور بجلی کے کھمبوں،کچے مکانوں وغیرہ کے گرنے کی خبریں سننے میں آ رہی ہیں ۔ان حالات کو دیکھتے ہوئے قصبہ کے مکینوں نے اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ قصبہ میں کئی ایک پرانی عمارتیں اس وقت بھی موجود ہیں جو کسی بھی وقت گر سکتی ہیں ۔واضح رہے کہ پونچھ شہر میں ایسی متعدد خستہ حال عمارتیں موجود ہیں جو ان عمارتوں کے مکین اور ان کے پڑوسیوں کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ماسٹر ہیپی خان نامی ایک شہری نے بتایاکہ پونچھ شہر میں ایسی کئی عمارتیں ہیں جو کمزور ہیں، ان میں سے ایک عمارت گیتا بھون کے بالکل ساتھ ہے جس میں گورنمنٹ گرلز سٹی مڈل سکول چلایا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ عمارت کا ایک حصہ کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔مقامی معززین نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ سے گزرنے والے عام راہگیروں کو بھی محتاط رہنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے کہا کہ پونچھ شہر میں ایسی کئی عمارتیں موجود ہیں جن کی تعمیر 80سے 90 سال سے بھی پہلے ہوئی ہے۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پونچھ شہر میں پرانی عمارت کا معائینہ کر کے اس سلسلہ میں ایک حکم نامہ جاری کر کے ان کو منہدم کیا جائے تاکہ عام لوگوں کی زندگی کا خطرہ لائق نہ ہو ۔