پونچھ//ٹریفک پولیس کی غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کاروائی مزید سخت کی گئی ہے۔ ایس ایس پی رورل ٹریفک جموں نے تمام افسران کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے ۔ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ بننے اور روڈ ڈسپلن کو متاثر کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیازکاروائی کی جائے۔ پونچھ میں اس سلسلہ میں ڈی ایس پی آفتاب بخاری کی قیادت میں کڑے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اس دوران غلط پارکنگ کے ساتھ ساتھ ٹریفک ڈسپلن متاثر کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کاروائی کی جارہی ہے۔ پونچھ کے صدر مقام پر بدھوار کو ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی کارروائی کرتے ہوئے کرین کے ذریعے کئی گاڑیوں کو ضبط کرکے پولیس تھانہ پہنچایا گیا۔ٹریفک انسپکٹر محمد یونس خان نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایس ایس پی ٹریفک کی خصوصی ہدایت پر ڈی ایس پی آفتاب بخاری کی قیادت میں پچھلے تین روز سے پونچھ میں ٹریفک کے بہائو اور مربوط ٹریفک نظام میں مزید بہتری لانے اورٹریفک قوانین پر عمل درآمد کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ٹریفک پولیس کی غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے اس دوران ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جب کہ متعددگاڑیوں کو تھانے میں بند کیا گیا۔انہوں نے بتایا ٹریفک خلاف ورزی کو کم کرنے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لئے جو ٹریفک ڈسپلن کو متاثر کرتے ہیں ان کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جارہی ہے،نوپارکنگ کے خلاف ورزی کرنے والوں کو رعائت نہ دی جارہی ہے اور فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق ہے فٹ پاتھ پر کسی قسم کی پارکنگ یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے متعلق ہر ممکن آگاہی فراہم کی جارہی تاکہ شہری حادثات سے محفوظ رہیں اور روڈ ڈسپلن کو قائم رکھا جا سکے۔