پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹوآفیسر میونسپل کونسل پونچھ مشتاق احمد چوہدری کی قیادت میںشہر پونچھ میں تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے پیر کے روز بھی کئی مقامات سے تجاوزات ہٹائے گئے۔اس دوران سرکاری ڈھانچوں پر کئے گئے تجاوزات کو جے سی بی کے ذریعہ ہٹایا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے بھی عا ئد کئے گئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کونسل پونچھ مشتاق احمد چوہدری نے بتایا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے انھیں تمام بازاروں میں فٹ پاتھوں سے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز خصوصی طور پر ضلع ہسپتال کو جانے والی سڑکوں پر کئے گئے تجاوزات ہٹائے گئے تاکہ اس سڑک پر روز روز لگنے والے ٹریفک جام سے لوگوں کو نجات دلائی جا سکے ۔انہوں نے دکانداروں سے اورشہریوں سے نالیوں پر کی گئی غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے کی اپیل کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے تجاوزات خود ختم نہ کئے تو انتظامیہ زبردستی تجاوزات ہٹائے گی۔