پونچھ //ضلع پونچھ میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں تبدیل ہو گئی جب باراتیوں سے بھری ایک ٹاٹا سومو کو سرنکوٹ میں المناک حادثہ پیش آیا ۔ حادثے میں 9افراد کی موت واقع ہو گئی جن میں دولہے کا والد بھی شامل ہے ۔پولیس حکام کے مطابق مینڈھر کے گورسائی گاؤں سے ایک بارات سرنکوٹ سب ڈویژن کے مڑھ گاؤں گئی تھی اور وہاں سے باراتی ایک ٹاٹا سومو میں واپس آرہے تھے توتراڑاں والی گلی میںپہنچتے ہی گاڑی ڈرائیور کے قابوسے باہر ہو کر گہری کھائی میں جا گری ۔انہوں نے بتایا کہ ٹاٹا سومو زیر نمبر 2725-JK12کو پیش آئے حادثے کے دوران اس میں کل 13بارتی سوار تھے۔حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں کی جانب سے بچائو کارروائی شروع کی گئی، جس کے ساتھ ہی پولیس اور سیول انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔انہوں نے بتایا کہ سات مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ چھ زخمیوں کو نکال کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال سرنکوٹ منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھے جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 9 ہو گئی۔متعلقہ حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 4کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی لیکن ڈاکٹروں نے ان کی حالت نازک بتائی جس کے بعد ان سبھی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کر دیا گیا ، ان میں ڈرائیور ظاہر عباس (24) ولد مشتاق احمد، محمد ہارون (09) ولد محمد زبیر، عنایہ شوکت (7) دخترشوکت حسین اورزبیر احمد (40) ولد نذیر حسین گرسائی مینڈھر شامل ہیں ۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے 9 افراد کی شناخت غلام ربانی (55) ولد کریم ، محمد فضل (60) ولد ستار محمد اور مشتاق احمد (63) ولد سید محمدساکنان سلیان، فضل احمد (62)،غلام گیلانی (55) ولد محمد شریف ساکن گرسائی، عابد کوہلی (28) ساکن کھڑی حویلی، محمد اکبر ولد محمد حسین ، شوکت حسین ولد محمد یوسف اور جہانگیر احمد (65) ولدغلام دین ساکنان ڈنگلہ کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
پونچھ میں دلدوز سانحہ، شادی کی تقریب ماتم میں تبدیل
