محتشم احتشام
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ کی جانب سے نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ضلع کے مختلف زونز میں منعقدہ بین المدارس زونل سطحی کھیل مقابلوں نے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، جسمانی صحت، نظم و ضبط اور سماجی بیداری کے حوالے سے ایک نئی مثال قائم کر دی۔ضلع کے سرنکوٹ، ننگالی اور بفلیاز زونز میں منعقدہ ان مقابلوں میں طلبہ، اساتذہ، کھیل عملے اور مقامی عوام کی غیر معمولی شرکت نے پروگرام کو یادگار بنا دیا۔زون سرنکوٹ میں انڈر-19 لڑکوں کے مقابلے ہائر سیکنڈری اسکول سنائی میں زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر (ZPEO) کی نگرانی میں منعقد ہوئے جہاں کھیلوں کا نہایت جوش و خروش سے بھرپور ماحول دیکھنے کو ملا۔ تقریباً 211 طلبہ نے والی بال، کبڈی، کھو-کھو، بیڈمنٹن، شطرنج، یوگا اور ایتھلیٹکس سمیت مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مقابلوں کے دوران نوجوان کھلاڑیوں میں نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ اور جیت کے جذبے نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔اسی طرح زون ننگالی میں انڈر-14 اور انڈر-17 لڑکوں کے مقابلے کامیابی سے منعقد کیے گئے، جن میں تقریباً 480 طلبہ نے شرکت کی۔
کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نوجوان کھلاڑیوں کے جوش و جذبے نے اس بات کو ثابت کیا کہ ضلع پونچھ میں کھیلوں کے تئیں دلچسپی مسلسل بڑھ رہی ہے۔دوسری جانب زون بفلیاز میں انڈر-19 طالبات کے کھیل مقابلے منعقد ہوئے جن میں تقریباً 134 لڑکیوں نے بھرپور حصہ لیا۔ طالبات کی فعال شرکت کو خواتین میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔دن کی نمایاں سرگرمیوں میں نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت ایک عظیم الشان بیداری ریلی بھی شامل رہی، جس میں تقریباً 4,801 افراد نے شرکت کر کے منشیات کے خلاف مضبوط پیغام دیا۔ شرکاء نے ‘‘منشیات کو نہ، کھیلوں کو ہاں’’ جیسے نعرے بلند کرتے ہوئے نوجوان نسل کو صحت مند اور باوقار زندگی اپنانے کی تلقین کی۔اس کے علاوہ ضلع کے مختلف زونز میں فیملی اسپورٹس تقریبات بھی منعقد کی گئیں، جن میں 254 افراد نے شرکت کر کے خاندانی اور سماجی سطح پر کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کی جانب سے منعقدہ یہ تمام سرگرمیاں انورادھا گپتا کی رہنمائی اور میگھا بھوگیا کی نگرانی میں انجام دی جا رہی ہیں، جبکہ ضلعی سطح پر محمد قاسم اور وجے کمار شرما پروگرام کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنا رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے منشیات سے پاک معاشرے، کھیلوں کے فروغ، نظم و ضبط اور قومی یکجہتی کے عزم کا حلف بھی لیا۔ کھیلوں اور بیداری پروگراموں کے اس کامیاب انعقاد کو نوجوان نسل کی مثبت سمت میں رہنمائی اور ایک صحت مند، باصلاحیت اور ذمہ دار معاشرے کی تعمیر کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔