پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں ہند فوج اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ جاری ہے۔اس دوران ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان اور لیڈران نے بس اڈہ پونچھ پر ایک احتجاجی مظاہرہ کر کے غم و غصہ کا اظہار کیا اور پاکستانی حکومت کا پتلا جلایا۔ بھاتیہ جنتا پارٹی کے یوا مورچہ اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لیڈران نے دوسرے روز بھی پاکستانی حکومت کا پتلا جلایا اور پاکستان کے خلاف جم کر نعرے بازی کی۔اس موقعہ پر موجودسینئر لیڈر نیشو شرما نے ذرایع ابلاغ کے نمائندگان کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ عسکریت پسندوںکے حملے میں 9فوجی اہلکار اور افسران شہید ہوئے ہیں جن کوپورا ہندوستان خراج پیش کر رہا ہے۔انھوں نے اس واقعے کیلئے پاکستان کی مبینہ پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کو موردِ الزام ٹھہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ جموں و کشمیر میں امن قائم ہو اور وہ نہیں چاہتا کہ یہاں جمہوریت کا بول بالا ہو اور سب سے بڑھ کر وہ یہاں فرقہ وارانہ فسادات کرانا چاہتا ہے۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ اس میں ملوث افراد کو جلد سے جلد انصاف کے کٹھرے میں لایا جائے۔انھوں نے کہا کہ ہند فوج جلد ہی ان دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائے گی ان کو پورا یقین ہے۔ بی جے پی یوا مورچہ کے ضلع صدر امن ڈابر نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہر فرد ہند فوج کے ساتھ ہے اور کسی بھی طرح کی قربانی دنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔