سرنکوٹ //ضلع پونچھ میں پہلی مرتبہ ٹرانسفارمر بینک قائم کیاگیاہے جس میں 15 ٹرانسفارمر دستیاب رہیںگے تاکہ کسی ٹرانسفارمر کے خراب ہونے پر فوری متبادل انتظام کیاجاسکے ۔یہ ٹرانسفارمر بینک سرنکوٹ کے پوٹھہ علاقے میں قائم کیاگیاہے ۔مقامی لوگوں کی یہ دیرینہ مانگ رہی ہے کہ ضلع میں اس طرح کا بینک قائم کیاجائے تاکہ بجلی سپلائی متاثر ہوجانے پر متبادل انتظام کیاجاسکے ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ایک ویڈیو کانفرنس میں بات کی جس پر موصوفہ نے فوری طور پر پندرہ ٹرانسفارمروں کی دستیابی رکھ کر ٹرانسفارمر بینک قائم کرنے کی ہدایت دی جس پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے چوبیس گھنٹے کے اندر بینک قائم کردیا ۔اس دوران ڈپٹی کمشنر نے سرنکوٹ کا دورہ کرکے اس ٹرانسفارمر بینک کو کارگر بنایا ۔ان کے ہمراہ ایس ڈی ایم سرنکوٹ محمد رشید کوہلی ، ایگزیکٹو انجینئر محکمہ بجلی مقبول نائیک ، تحصیلدار سرنکوٹ شاہد اقبال اور دیگر افسران بھی تھے ۔اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ ضلع میں خراب پڑے پانچ ٹرانسفارمروں کو تبدیل کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ انتظامیہ اس بینک کو مزید مستحکم بنائے گی اور کوئی طریقہ اختیا رکرکے مزید ٹرانسفارمروں کا بندوبست کیاجائے گاتاکہ بجلی کی سپلائی بغیر کسی کٹوتی کے جاری رہ سکے۔اس دوران انہوں نے رسیونگ اسٹیشن پوٹھہ کے کام کا جائزہ لیا جس کی تنصیب سے سرنکوٹ قصبہ اور گردونواح کے علاقوں میں بجلی کی سپلائی میں بہتری آئے گی ۔یہ فیصلہ بھی لیاگیاکہ باقی ماندہ علاقوں خاص طور پر سرحد ی گائوںمیں بھی برقی رو فراہم کی جائے گی ۔ٹرانسفارمر بینک قائم کئے جانے پر مقامی لوگوںنے ڈپٹی کمشنر اور وزیر اعلیٰ کے تئیں شکریہ اد کیاہے ۔