پونچھ//ملک میں کورونا کے کیسیز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کو روکنے کیلئے ملک کی الگ الگ ریاستوں کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر میں بھی لاک ڈاون لگایا گیا ہے ۔اس دوران سرحدی ضلع پونچھ میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کے دوران کورونا سے متعلق ہدایات پر عمل کرانے کیلئے سختی کی جا رہی ہے۔سرحدی ضلع پونچھ میں لاک ڈاؤن کے دوران اگرچہ ضروری سروسیز کو جاری رکھا گیا ہے مگراس دوران ہوٹل اور ریسٹورینٹ ،جم اگلے حکم نامے تک بند رکھے گئے ہیں۔ لوگوں کو اشیاء ضروریہ کی تنگی یا قلت نہ ہو اس کے لئے صبح سات بجے سے دس بجے تک پورے ضلع کے قصبوں اور دیہی علاقوں میں اشیاء ضروریہ کی دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جاتی ہے اس دوران صارفین اپنی ضرورت کی اشیاء احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے خرید سکتے ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری ہدایات پر عمل کرانے کیلئے سختی کی جارہی ہے جبکہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکمہ جاتی افسران نے متعدد مقامات کا سروے جاری رکھا ہے۔ جہاں کورونا کے نئے مریض پائے جا رہے ہیں وہاں مریضوں کے تعلق میں آنے والے لوگوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔اس دوران ملازموں کی ٹیمیں گھر گھر جا کر لوگوں کو کوڈ19ویکسین کے ٹیکے لگانے کے سلسلہ میں بیدار کر رہے ہیںجبکہ محکمہ صحت کی جانب سے ڈور ٹو ڈور ویکسی نیشن بھی شروع کی گئی ہے۔ضلع ہسپتال پونچھ میں آنے والے مریضوں کو کورونا نمونوں کی جانچ کی جا تی ہے جبکہ سفر سے آنے والے افراد کے بھی مختلف داخلی مقامات پر ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔