پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں عالمی وباءکرونا وایرس کی قہرسامانیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک اس بیماری کی وجہ سے 49 لوگ لقمہ بن گئے ہیں اور 4746لوگ ابھی بھی اس بیماری میںمبتلا ہیں جبکہ اس بیماری سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد 3615 ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع پونچھ اس وقت تک 49افراد لقہ اجل ہو چکے ہیں وہیں پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کےلئے ہر طرح کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے کشمیر عظمی کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں کہا ہے کہ ضلع میں گزشتہ تین دنوں سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ موصوف نے کہا کہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے ضلع میں حالات کافی زیادہ سدھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پونچھ کی 229پنچایتوں میں پنچایت سطح پر پانچ بستروں پر مشتمل کوڈ کئیرمراکز قائم کئے جا رہے ہیں جن میں سے ابھی تک 80 کے قریب مراکز قائم ہو چکے ہیں اور آنے والے دنوں میں باقی مراکز مکمل ہو جائیںگے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان مراکز کے قائم کرنے کا مقصد اگر پنچایت میں کوئی کوڈ کا شکار ہو جاتا ہے تو اسے اپنے گھر کے نزدیک ہی قرنطینہ کیا جائے گا۔ ڈی سی کا کہنا تھا کہ ان مراکز میں چوبیسوں گھنٹوں ہر طرح کی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ضلع ہسپتال اور تین سب ضلع ہسپتالوں میںمعقول انتظامات کئے گئے ہیں جن میںبستر ہیں جن کے ساتھ آکسیجن بھی چوبیسوں گھنٹے لگی رہتی جبکہ ضلع میں370 بستر لیول تین میں شامل کئے گئے ہیں جن کو کوڈکئیرسنٹر کہا جاتا ہے اگر انہیں بھی بھی مزید بڑھانے کی ضرورت پڑی تو اسے بڑھا یا جا سکتا ہے۔آفیسر موصوف نے کہاکہ ضلع میں اس وقت جو بھی مثبت معاملات ہیں انہیں محکمہ صحت کی جانب سے کوڈکئیر کٹ دی گیں ہیں جن میں ضروری ادویات اور پلس آکسی میٹر رکھا گیا ہے جو ضرورت کے وقت وہ استعمال میں لاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ مثبت مریضوں کی صحت کے حوالے سے انہیں انتظامی سطح پر دن میں دو مرتبہ دریافت بھی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی عوام کو آکسیجن کے حوالے کسی بھی قسم کی پریشانی کرنے کی ضرورت نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ ضلع کے منڈی اور ضلع ہسپتال پونچھ میں دو آکسیجن جنریشن پلانٹس کا کام چل رہا ہے جو 8جون سے قبل کام کرنا شروع ہو جایں گے انہوں نے کہا کہ ضلع ہسپتال پونچھ میں 200 سے زائدبڑے جبکہ ایک سو چھوٹے آکسیجن سلنڈرموجود ہیں جبکہ اسی طرح مینڈھر،سرنکوٹ اور منڈی میں بھی بڑے اور چھوٹے آکسیجن سلنڈر موجود ہیں جبکہ ضلع کے ہر ہسپتال میں آکسیجن بنانے کی مشینیں بھی وافر مقدار میں موجود ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع کی عوام بی ڈی سی، ڈی ڈی سی اور غیر سرکاری تنظیموں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مشکل دور میں سوشل میڈیا کے ذریعہ ضلع کی عوام کو ہر وقت اس بیماری سے بچنے کے لیے بیدار کرتے ہیں ۔انہوں نے ضلع کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بیماری سے بچنے کے لئے اپنی کووڈ جانچ کروایں اور اپنے آپ کو ویکسی نیشن بھی کروایں تاکہ اس وبا سے بچا جا سکے۔