پونچھ// پونچھ میں لائن آف کنٹرول اور کھٹوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید گولہ باری کا بادلہ ہوا۔حکام نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کو قریب پونے بارہ بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کی۔انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود بھارتی فوجی جوانوں نے حملے کا بھرپور جواب دیا ۔سہ پہر4بجے کے قریب پاکستان کی طرف سے قصبہ اور کیرنی سیکٹروں میں بھی گولہ باری کی گئی۔ادھر ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر جمعہ کی شب قریب دس بجے ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔ ہیرانگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جمعے کی شب قریب دس بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ صبح کے قریب پونے چار بجے تک جاری رہا۔ پاکستانی فوج نے گرنام اور کرول کرشنا علاقوں میں قائم چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا ۔