پونچھ//مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے دورہ جموں کے محض چند گھنٹوں کے بعد حد متارکہ پر پونچھ سیکٹر میں گولہ باری کا تبادلہ ہوا ۔ادھر بین الاقوامی سرحد پر آر ایس پورہ سیکٹر میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک بی ایس ایف ہیڈ کانسٹیبل لاپتہ ہوگیا جس کی لاش منگل کی شام بر آمد کی گئی ۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلپور سیکٹر پونچھ میں17 اور18ستمبر کی درمیانی رات قریب ایک بجے بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی ۔انہوں نے کہا کہ اس کا موثر جواب دیا گیا ،تاہم فائرنگ کا یہ تبادلہ ساڑھے 3 بجے رات تک جاری رہا ۔فائرنگ کے اس واقعے میں اِس طرف کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر آر ایس پورہ میںبین الاقوامی سرحد پر تعینات ایک بی ایس ایف اہلکار لاپتہ ہوگیا ۔حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اہلکار پاکستانی فائرنگ کی زد میں اس وقت آیا جب آر ایس پورہ سیکٹر میں ہند پاک افواج کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ۔بی ایس ایف حکام کے مطابق پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آر ایس پورہ میں بھارت کی اگلی چوکیوں کو بلا اشتعال نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ کی ،جس کا جواب دیا گیا ۔اس دوران بی ایس ایف اہلکار لاپتہ ہوگیا جسکی لاش منگل کی شام سرھد کے قریب پائی گئی ۔
پونچھ اور آر ایس پورہ سیکٹروں میں آر پار فائرنگ
