راجوری //ضلع پونچھ میں کام کرنے والے سرکاری ملازمین جنوری کی تنخواہ تب تک حاصل نہیں کرپائیں گے جب تک کہ وہ بجلی اور پانی کی فیس ادا نہیں کریں گے ۔ضلع انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایاکہ اس سلسلے میں حکمنامہ جاری کیاگیاہے جس کا مقصد محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کیلئے آمدن وصول کرناہے ۔یہ حکمنامہ ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو نے جاری کیاہے جس کے ذریعہ انہوں نے ڈرائونگ و ڈسبرسنگ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ملازمین کیلئے جنوری کے مہینے کی تنخواہ تب تک جاری نہ کریں جب تک کہ وہ پانی اور بجلی کے استعمال کی فیس کی ادائیگی کی رسیدیں ان کے پاس جمع نہ کرائیں ۔انتظامیہ کے افسر نے بتایاکہ اس اقدام سے محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کو آمدن حاصل ہوگی ۔انہوں نے بتایاکہ یہ حقیقت ہے کہ بہت سے لوگ بجلی اور پانی کے استعمال کی فیس ادا نہیں کرتے اور میں سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں لیکن یہ حکمنامہ سب ملازموں پر صادر ہوگا اور اس کے بعد اب ہر ایک کو بجلی اور پانی کی فیس ادا کرناہوگی ۔