پونچھ//حد بندی کمیشن کی حالیہ رپورٹ جس میں اسمبلی حلقہ انتخاب کو ایس ٹی اسمبلی حلقہ انتخاب بنایا گیا تھا،اب اس فیصلے کی ترمیم کر کے پونچھ حلقہ انتخاب اسمبلی کو کھلا رکھا گیا ہے جس کو لے کر بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ اکائی نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔اس سلسلہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے پارٹی کے ضلعی دفتر میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں پارٹی کے ضلعی صدر انجینئر محمد رفیق چشتی کے علاوہ جموں کشمیر کے ترجمان سنیل کمار شرما اور دیگر لیڈران موجود تھے۔پریس کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے محمد رفیق چشتی نے کہا کہ حالیہ حدبندی کمیشن نے جو رپورٹ دی تھی اس میں جب پونچھ کو ایس ٹی بنا دیا گیا تو یہاں کے لوگوں میں نہایت مایوسی چھا گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر غیر ایس ٹی لوگ جن کی 60 فیصد تعداد ہے وہ پریشان ہوگئے تھے کہ اب ان کو قیادت کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پونچھ کے جنتا پارٹی کے لیڈران کی جانب سے جموں پونچھ کے مرکزی وزیر یوگل کشور شرما کے ساتھ ملاقات کرکے ان کو حالات سے آگاہ کیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے اعلیٰ حکام سے بات کی اور اس فیصلے ترمیم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کی عوام اس فیصلہ کی وجہ سے بہت خوش ہیں۔ جس کے لیے وہ تمام اعلی حکام کا شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی اپیل پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ ترمیم کی انہوں نے وزیر اعظم ہند نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر وزرا کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس دوران پارٹی کارکنان نے ایک دوسرے میں مٹھائی تقسیم کرکے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔