پونچھ+مینڈھر//پونچھ ، مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں ہندوپاک افواج کے مابین شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواہے جس سے مقامی آبادی میں خو ف و حراس پیدا ہوا۔سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب دیگوار ملدیالاں سیکٹر پونچھ میں گولہ باری سے سرحدی گائوں دیگوار ملدیاں اور گرد و نواح کے دیہات میں خوف و حراس پھیل گیا ۔ گولہ باری اس قدر خوفناک تھی کہ بچوں نے کھانا تک نہیں کھایا۔حلقہ پنچایت دیگوار ملدیالاں کے سرپنچ پرویندرسنگھ نے بتایا کہ شام سے ہی ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوگئی اورپاکستانی فوج کی طرف سے ’سموک بم‘ اور ’مارٹر گولے‘ فائر کئے گئے جس کی وجہ سے وہ لوگ پوری رات جاگتے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیںہوالیکن کئی مارٹر گولے کھیتوں اور مکانوں کے نزدیک گرے ۔ بالاکوٹ و مینڈھر سیکٹروں میں رات 12بجے سے 1بجے تک فائرنگ اور گولہ باری ہوئی اور گن گرج کی آوازیں سن کر لوگوں کی نیند اڑ گئی ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ رات کے بارہ بجے اچانک سے شدید گولہ باری شرو ع ہوگئی، گولے ایسے گر رہے تھے جیسے پورا علاقہ دہل اٹھے ۔دریں اثناء بالاکوٹ اور مینڈھر کے کچھ علاقوں میں اتوار کی شام پھر سے فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوگئی جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھی ۔