سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کی صدار ت میں پولیس ہاوسنگ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی47ویں میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے دوران کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر اے جی میر نے پولیس ہاوسنگ کارپوریشن کے کام کاج سے متعلق ایک رپورٹ پیش کی۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ- 19وباء کی وباء کی وجہ سے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی گزشتہ میٹنگ منعقدنہ ہوسکی تاہم اس سال یہ میٹنگ سال 2021-22 کے پہلے چوتھائی میں منعقد ہوئی۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ کارپوریشن میں ای ٹینڈرنگ کا عمل پوری طرح قابل کار بنایاگیا ہے۔اپنے خطاب میں پولیس سربراہ نے بورڈ ممبران کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن نے مشکلات کے باوجود کاموں کی تکمیل میں سخت کوششیں کی ہیں جبکہ کووِڈ19سمیت مختلف چیلنجزکا بھی کارپوریشن کو سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے کاموں کی تکمیل کی رفتار بھی قابل سراہنا ہے اور یہاں کام کرنے کا طریقہ بھی قابل تقلید اوربے مثال ہے۔میٹنگ کے ایجنڈا کے مختلف نکات پر بحث کے دوران پولیس سربراہ نے کارپوریشن پرزوردیا کہ وہ پولیس اہلکاروں کے لئے کم لاگت کے گھر بنانے کی کوششیں کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایسے پروجیکٹ ہاتھ میں لیتے وقت یوٹی کی ہاوسنگ پولیسی کو بھی مدنظر رکھاجانا چاہیے۔انہوں نے کارپوریشن پرزوردیا کہ وہ بڑے پروجیکٹوں کیلئے اراضی حاصل کرنے کیلئے بجٹ کا وافرحصہ مختص رکھیں ۔ انہوں نے کارپوریشن کی صلاح دی کہ وہ بڑے پروجیکٹوں کی بولی میں حصہ لیں۔اس موقعہ پر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ کارپوریشن کو سرفہرست کارپوریشن بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائے گا۔