سری نگر//کولگام پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے سرینگر جموں شاہراہ پر کئی ڈھابوں پر چھاپے ڈالے جس دوران یہاں سے بڑی مقدار میں فکی اور شراب ضبط کی گئی۔ ادھرجموں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کپوارہ کے رہنے والے ایک نوجوان کو ہیروئن سمیت گرفتار کیا۔ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں پولیس نے منشیات کے خلاف مہم کے دوران سرینگر جموںشاہراہ پرقائم مختلف ڈھابوں پر چھاپے مار کر یہاں سے بھاری مقدار میں فکی اور شراب ضبط کی۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے قاضی گنڈ میںسرینگر جموں شاہراہ کے نزدیک قائم متعدد ڈھابوں پر چھاپہ ڈالے اور وہاں سے بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیاء برآمد کرکے ضبط کیں۔ پولیس نے نیپورہ میر بازار میں راجا ویشنو نامی ڈھابے پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 15کلو فکی برآمد کی جس کے بعد پولیس نے موقع پر ہی ڈھابہ مالک سکھدیو کمار ساکنہ اُدھم پور کی گرفتاری عمل میں لا کراُسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔اس سلسلے میں مختلف دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی کے دوران پولیس نے لیو ڈورہ قاضی گنڈ کے نزدیک ایک ڈھابے پر چھاپہ ڈالا اور وہاں سے دس شراب کی بوتلیں اور تین کلو گرام فکی برآمد کرکے ضبط کی۔ پولیس نے ڈھابہ مالک سہیل احمد گنائی ساکن نسو کی گرفتاری عمل میں لاکر اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقاتی عمل کا آغاز کیا۔ادھرجموں پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کپوارہ کے رہنے والے ایک نوجوان کو ہیروئن سمیت گرفتار کیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رئیس احمد شاہ ساکن براوری کپوارہ کو مشکوک حالت میں ڈگیانہ پلی گاندھی نگر علاقے سے گرفتار کیا گیا اور موقعے پر ہی اس کی تحویل سے 50گرام ہیروئن ضبط کی گئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق منگل کی شام دیر گئے عمل میں لائی گئی اس کارروائی کے دوران گرفتار کئے گئے منشیات سمگلر کو پولیس تھانہ منتقل کیا گیا جہاں اُس کے خلاف باضابطہ طور پر کیس درج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسمگلر سے ضبط شدہ ہیروئن کی بین الاقوامی بازار میں مالیت لگ بھگ 5لاکھ روپے بنتی ہے۔اس سلسلے میں پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔