نئی دہلی // مرکزی حکومت نے پلوامہ فدائین حملے کوایک دھچکا مانتے ہوئے کہاکہ8سیکورٹی اہلکاروں کی ہلاکت ایک المیہ اوربڑانقصان ہے ۔مرکزی وزیرمملکت برائے امورداخلہ کرن رججونے کہاکہ ملی ٹنسی کاخاتمہ کرنے کے ہمارے عزم میں کوئی کمی نہیں آئیگی۔ کرن رججونے نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ پولیس لائنز پر حملہ ایک دھچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران 8 سیکورٹی اہلکاروں کا از جان ہونا نہ صرف نقصان ہے بلکہ یہ ایک المیہ بھی ہے ۔ تاہم مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کی کشمیر میں ملی ٹنسی کا خاتمہ کرنے کی پالیسی ناکام نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن آل آئوٹ کے تحت کشمیر وادی کو ملی ٹنسی اور ملی ٹنٹوں سے مکمل نجات دلانے کی مہم شروع کی گئی ہے اور یہ مہم جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک پالیسی مرتب کرکے ملی ٹنسی کا خاتمہ کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اور ابھی ہماری یہ کوشش جاری ہے ۔