سیکورٹی گرڈ میں اضافہ اور حفاظتی اداروںکے درمیان تال میل پرزور
سرینگر//پولیس سربراہ دلباغ سنگھ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں حفاظتی صورتحال اور کوروناوائرس کی دوسری لہر کامقابلہ کرنے کیلئے پولیس کے ردعمل کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں سپیشل پولیس سربراہ سی آئی ڈی آر آر سوین،ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈکوارٹرس ایم کے سنہا،صوبائی پولیس سربراہ کشمیر وجے کماراوردیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔پولیس سربراہ نے اس موقعہ پرافسروں کو ہدایت دی کہ وہ شہریوں کی حفاظت کو بہتر بنانے کیلئے سیکورٹی گرڈ میں اضافہ کریں۔انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں اوران کے حمایتیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہنی چاہیے اور تمام مشکوک عناصر پرکڑی نگاہ رکھنی چاہیے تاکہ ان کے امن کوبگاڑنے کے مکروہ عزائم کو ناکام بنایا جائے۔ قانون نافذکرنے والی ایجنسیوں کے سرگرم رول کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے پولیس افسروں کو ہدایت دی کہ وہ امن اورقانون کو بنائے رکھنے کیلئے موثراقدام کریں اوراس کیلئے دیگر حفاظتی اداروں کے ساتھ تال میل بنائے رکھیں۔دلباغ سنگھ نے کہا کہ پولیس نے دیگر حفاظتی اداروں کے ساتھ اشتراک کرکے مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کیااورامن عامہ کی برقراری کو یقینی بناکرلوگوں میں احساس تحفظ پیداکیا۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرمیں امن کو مضبوط کرنے کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔پولیس سربراہ نے سوشل میڈیا کاغلط استعمال کرنے والوں پر نگاہ رکھنے کیلئے ٹیکنالوجی اور متعلقہ آلات کا استعمال کرنے پرزوردیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ ایک نظام بنایا جائے تاکہ شرارت پسندوں کی نشاندہی کرکے انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے،جو سوشل میڈیا کااستعمال قوم دشمن اور ملک دشمن سرگرمیوں کیلئے کرتے ہیں ۔ انہوں نے فیلڈ میں کام کررہے افسروں کوہدایت دی کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف کڑی کارروائی کریں تاکہ منشیات کے ناجائزاستعمال کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے اُن عناصر پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت دی جو تیزی سے معمول پرآرہے حالات کو بگاڑنے کے درپے ہیں اورانہیں ناکام بنانے کیلئے موثر اقدام کرنے کی بھی ہدایت دی۔پولیس سربراہ نے کورونا کی دوسری لہر سے پیداشدہ حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی صلاحوں اور رہنماخطوط کو من وعن عملانے پرزوردیااور کووِڈ کے پھیلائوکوروکنے کیلئے انتظامیہ کو تعاون دینے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک نازک مرحلے میں ہیں اوراس سے نکلنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کی جاری ہیں۔سینئر پولیس حکام نے پولیس سربراہ کوامن وقانون برقرار رکھنے کیلئے کئے جارہے اقدامات سے باخبر کیا۔